پیشگی سودے بازی
سوال: کیااسلام کی رو سے پیشگی سودا بازی Transaction Forward ناجائز ہے؟
جواب: یہ ایک لمبی بحث ہے۔ لیکن اس کا مختصر جواب یہ ہے کہ اسلام میں پیشگی سودے کی صرف ایک شکل جائز ہے۔ اور اس کا نام بیع سلم ہے۔ بیع سلم میں چند شرائط کا پورا ہونا ضروری ہے۔
۱۔ جس چیز کی خرید و فروخت ہو رہی ہو اس کا نام اور اس کی جنس کی نوعیت بالکل متعین ہونی چاہیے اوراس کا نمونہ بازار میں دستیاب ہونا چاہیے۔
۲۔ لینے اور دینے والے کا تعین ہونا چاہیے۔
۳۔ شے کی مقدار، قیمت اور شرح متعین ہونی چاہیے۔
۴۔ اس وقت کا بھی تعین ہونا ضروری ہے جس وقت بائع مشتری کے سپرد مال کرلے گا۔
۵۔ پیشگی سودا کرتے وقت ساری قیمت کا ادا ہوجانا بھی لازمی ہے۔ اگر ان شرائط میں سے کوئی ایک شرط بھی پوری نہ ہوگی تویہ بیع فاسد قرار پائے گی۔
(ترجمان القرآن۔ ذی الحجہ ۱۳۷۳ھ، ستمبر ۱۹۵۴ء)